اپیدا،8اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)میانمار کے آیروادی ڈیلٹا میں ایک کشتی کے غرق ہونے سے کم از کم بیس افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے ہیں۔ مقامی پولیس کے مطابق کشتی ڈوبنے کا واقعہ جمعہ سات اپریل کی شام میں رونما ہوا اور اس پر کْل چھیاسٹھ مسافر سوار تھے۔ اس حادثے میں ایک درجن سے زائد افراد کے لاپتہ ہونے کا بھی بتایا گیا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ کشتی دریائے نگاوْون کے تیز بہاؤ کی وجہ سے ڈوبی۔ ڈوبنے والے اور لاپتہ ہونے والے افراد ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے گاؤں جا رہے تھے۔ کئی مسافروں نے تیر کر اپنی جان بچائی۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ کشتی پر گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔